سرینگر//
جنوبی ضلع شوپیاں کے باس کوچن گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے شوپیاں کے باس کوچن گاوں کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود جنگجوؤں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پہرے بٹھا دئے ۔
اس دوران مقامی لوگوں نے بتایا کہ انکاؤنٹر شروع ہونے کے پہلے مرحلے میں ہی گولیوں کا زبردست تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہنے کے بعد رک گیا۔ تاہم ساڈھے تین گھنٹے گزرنے کے بعد ابھی تک کوئی فائرنگ نہیں ہوئی اور ممکنہ طور پر عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں تاہم فورسز اہلکاروں کی طرف سے ابھی تک محاصرے جاری ہے اور باغیچوں میں عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ابھی تلاشی آپریشن جاری ہے اور ابتدائی فائرنگ کے بعد ابھی تک عسکریت پسندوں کے ساتھ کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا ہے جب کہ عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔