نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) سے تعلقات توڑنے کے بعد اپوزیشن لیڈروں کو متحرک کرنے کے مقصد سے دارالحکومت دہلی پہنچے بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یونائیٹڈ کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے کہا کہ انہیں وزیراعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے ۔
پیر کو یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈروں سے ملنے آئے ہیں اور اگر اپوزیشن متحد ہو جائے تو اچھا ماحول پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن کو ایک دھاگے میں باندھنا چاہتے ہیں اور ان کی وزیراعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن لیڈروں سے ملنے کے ساتھ ساتھ صدر اور نائب صدر سے بھی ملاقات کریں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ این ڈی اے سے تعلقات توڑنے کے بعد مسٹر کمار مسلسل اپوزیشن لیڈروں سے متحد ہونے کی اپیل کر رہے ہیں اور اگلے عام انتخابات میں این ڈی اے کو مقابلہ دینے کی حکمت عملی بنا رہے ہیں۔
دریں اثنا بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل یو لیڈر نتیش کمار نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے آج یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
مسٹر کمار مشن 2024 کے سلسلے میں دہلی میں مختلف پارٹیوں کے لیڈروں سے ملاقات کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے سب سے پہلے مسٹر گاندھی سے ان کی تغلق لین والی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے 2024 کے عام انتخابات میں اتحاد سے متعلق معاملے پر بات چیت کی۔
پٹنہ روانہ ہونے سے پہلے مسٹر کمار نے راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو سے ملاقات کی۔ دہلی پہنچنے کے بعد وہ مسٹر گاندھی سے ملے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کا منصوبہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر شرد پوار، جنتا دل ایس لیڈر کمار سوامی، سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو، عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجریوال اور ڈی ایم کے لیڈروں کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے لیڈروں سے ملنے کا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ کچھ رہنما مسٹر کمار کو اگلے عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسٹر کمار نے خود بھی کہا ہے کہ وہ اس کے لیے تیار ہیں۔