شارجہ//
ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو شکست دے کر ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ہار کا حساب برابر کردیا۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 176 رنز کا ہدف سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز بہت اچھا رہا جہاں پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس کے درمیان 62 رنز کی شرکت بنی جہاں 36 رنز بنانے والے کوشل مینڈس پویلین لوٹے۔
جب ٹیم کا اسکور 80 پر پہنچا تو دوسرے اوپنر پاتھم نسانکا بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 35 رنز بنائے۔
آؤٹ فارم چریتھ اسالانکا کو محمد نبی نے 94 کے مجموعے پر بولڈ کیا لیکن سامنے موجود دنوشکا گوناتھیلاکا رنز بٹورتے رہے۔
119 پر کپتان دسن شناکا کے آؤٹ ہونے کے بعد گوناتھیلاکا اور بھانوکا راجاپاکسے کے درمیان قیمتی 32 رنز کی پارٹنر شپ نے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔ گوناتھیلاکا تو 33 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، لیکن بھانوکا راجا پاکسے نے 14 گیندوں پر 31 اور آل راؤنڈر ہسارانگا ڈی سلوا نے 9 گیندوں پر 16 رنز بنا کر افغانستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی۔
خیال رہے کہ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
امید کے برعکس افغان بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جہاں رحمان اللّٰہ گرباز نے پہلے حضرت اللّٰہ زازئی کے ہمراہ 46 اور پھر ابراہیم زادران کے ساتھ مل کر 93 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو اچھے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔
اوپنر حضرت اللّٰہ زازئی نے 13 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 45 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ ابراہیم زادران کے 40 رنز کے ساتھ افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
سری لنکا کی جانب سے ہسارانگا ڈی سلوا 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ مہیش تھیکشنا اور استھا فرنینڈو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان دسن شناکا کا کہنا تھا کہ ہم نے اچھے انداز میں ہدف کا تعاقب کیا اور اس سلسلے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس میچ میں مزید پارٹنرشپ کے خواہشمند ہیں، پارٹنرشپ نہ ہونا ہی ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔