اسلام آباد/ 27 اگست (یو این آئی)
سیلاب کی قدرتی آفات سے گھرے پاکستان نے بچا¶، راحت اور بحالی کے لیے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور غیر ملکی پاکستانیوں سے مدد کی اپیل کی ہے ۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اور مہاجر پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے ۔
ڈاکٹر علوی نے ایک بیان میں کہا کہ نمایاں طورپر انسان دوستی کے ذریعے ماضی میں بھی تعاون دینے والے پاکستانی ایک بار پھر آگے آئیں گے اورحکومت و دیگر متعلقہ اداروں کے بچا¶ اور امدادی کوششوں میں تعاون کرنے کے لئے نقد اوردیگر ذرائع سے دل کھول مددکریں گے ۔ انہوں نے میڈیا سے متاثرہ لوگوں کوان کی زندگی کی تعمیر نو میں مدد کے لئے ، منظم اور نظم وضبط کے ساتھ حکومت کی طرف سے قائم کردہ یا حمایت یافتہ رسمی چینلز کے ذریعے شناخت شدہ ضروری اشیاءکوعطیہ کرنے کی ترغیب دی۔
صدر نے بین الاقوامی برادری سے متعلقہ حکومتی اداروں کو بنیادی ڈھانچے کو بحال کرنے میں مدد کے لئے اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور ضروری مشینری فراہم کرنے کی اپیل کی، جس سے حکومتی ایجنسیوں کو ملک بھر میں سیلاب زدگان کی مدد کے بڑے کام سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کے لیے 15 ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔
پاکستان میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبوں خیبرپختونخوا میں 42 اور سندھ میں 9 افراد اپنی جان گنواچکے ہیں جبکہ سیکڑوں مکانات تباہ اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ خیبرپختونخوا کے علاقے سوات، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بجلی، گیس اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔