نئی دہلی/ ہیلی فیکس//نیو انڈیا کی امنگوں اور کامیابیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج 65ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے اختتامی دن ہیلی فیکس میں ہندوستانی تارکین وطن سے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہندوستان کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی زندگی میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے ۔
مسٹر برلا نے کہا کہ دوسرے ممالک ہندوستان کے ترقیاتی ماڈل کو رول ماڈل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے میزبان ملک کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تارکین وطن کے جذبے کو سراہا۔
آزادی کے امرت مہوتسو کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستان اپنی آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے ۔ اس موقع پر ہندوستان اور کینیڈا کے نوجوانوں کو مل کر کام کرنا چاہئے اور علم، ہنر اور تجربات کا تبادلہ کرنا چاہئے تاکہ دونوں ممالک ترقی کرسکیں۔
بعد ازاں، ہیلی فیکس میں ہندوستانی باشندوں کی طرف سے ایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب نے تنوع میں ہندوستان کے اتحاد اور بیرون ملک اس کے بھرپور ثقافتی ورثے کی نمائش کی۔
کینیڈا کے دورے کے بعد آج روانہ ہوتے ہوئے ، مسٹر برلا نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے ہز ایکسی لینسی مسٹر جارج فاؤر، سپیکر کینیڈا آف سینیٹ اور کناڈا کے ہاؤس آف کامنز کے سپیکر مسٹر انتھونی روٹا کا شکریہ ادا کیا۔
مسٹر برلا نے آج ایک ہندوستانی پارلیمانی وفد کے ساتھ امریکہ کا دورہ شروع کیا، جہاں وہ کئی اہم تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ معزز اسپیکر وہاں ہندوستانی طلباء سے بھی خطاب کریں گے ۔