جموں//
راجوری میں۲۱؍اور۲۲؍اگست کی درمیانی رات در اندازی کی کوشش کے دوران گرفتارپاکستانی درانداز نے کہا ہے کہ اُسے بھارتی حدود میں حملوں کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران زخمی پاکستانی درانداز تبرک حسین نے کہاکہ وہ ہسپتال میں مل رہے علاج سے مطمئن ہے ۔
حسین نے بتایا کہ تین سے چار فدائین کو پاکستانی کرنل یونس چودھری نے حملوں کو انجام دینے کی خاطر پیسے دئے ۔
اُن کے مطابق ہمیں آرمی تنصیبات پر حملے کرنے کو کہا گیا تھا لیکن اس بار ہم ناکام ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ انڈین آرمی نے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا اور وہاں پر مجھے بہترین طبی امداد فراہم کیا گیا ۔
دریں اثنا آرمی ڈاکٹر راجیو نائر نے بتایاکہ تبرک حسین کو جب ہسپتال لایا گیا تو اُس کی حالت کافی نازک تھی۔اُن کے مطابق دو تین ہفتوں تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہنے کے بعد و ہ پوری طرح سے صحت یاب ہو جائیں گے ۔
بتا دیں کہ۲روز قبل سرحد پر در اندازی کی کوشش کے دوران تبرک حسین شدید زخمی ہو گیا تھا، جسے فوج نے گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا تھا۔