سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سِنہا نے آج کہا کہ لوگوں کی شرکت معاشرے سے سماجی برائیوں کو دُور کرنے‘ ایک بہتر اور مضبوط حکمرانی کے نظام کا اہم اور لازمی و ملزوم حصہ ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر سول سیکرٹریٹ میں ایل جی ملاقات ۔ لائیو پبلک گریوینس ہیرنگ کے دوران جے کے ۔ آئی جی آر اے ایم ایس کے درخواست دہندگان سے بات چیت کر رہے تھے اور اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر میں منشیات کے اِستعمال کے خلاف فیصلہ کن جنگ کیلئے اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’ایل جی ملاقات‘سے عوام کی طرف سے بڑی تعداد میں شکایات کو فور ی طور پر حل کیا جارہا ہے۔
سنہا نے مزید کہا کہ یہ عوام کے اعتماد اور شکایات کے ازالے کیلئے ذمہ داری اَفسران کی سا لمیت ، شفافیت اور اِنصاف پسندی کو ظاہر کرتاہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور پولیس سپر اِنٹنڈنٹوں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی باشندوں کی مدد سے منشیات فروشوں کے خلاف اَپنی کوششیں تیز کریں ۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے مزید کہا کہ وہ عوام کے ساتھ اَپنی ملاقات کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھیں اور وقتاً فوقتاً موصول ہونے والی شکایات پر کاررِوائی کی رِپورٹ پیش کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اَفسران کو چاہیے کہ وہ اَپنے ماتحت اور زمینی سطح پر کا م کرنے والے ملازمین کے کام کی نگرانی کریں تاکہ موثر عوامی ترسیل کے نظام کو یقینی بنایا جائے جبکہ فلیگ شپ سکیموں کے فوائد کی مکمل اہداف پر توجہ دی جائے۔
یوٹی بھر سے منتخب کردہ درخواست دہندگان کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران یہ دیکھا گیا کہ جے کے ۔ آئی جی آر اے ایم ایس پورٹل پردرج ان کی زیادہ تر شکایات پہلے ہی حل ہوچکی ہیں جس کے لئے متعلقہ درخواست دہندگان نے لیفٹیننٹ گورنر سے اِظہار تشکرکیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر وں سے شکایات کی تفصیلات طلب کیں اور اِس کے ازالے کے لئے مخصوص ٹائم لائنز بھی مانگیں ۔ اُنہوں نے متعلقہ سیکرٹریوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق شکایات کے حل کے لئے سرگرمی سے نگرانی کریں اور ان کے حل کو تیز کریں۔
پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ثاقب منظور کی شکایت کاموقعہ پر ہی ازالہ کیا گیا کیوں کہ لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں ہائی سکول ٹہاب میں مصنوعی ٹرف والی بال کورٹ کی تنصیب کا یقین دِلایا تھا۔
رِیاسی سے تعلق رکھنے والے محمد یاسین کی اَپنے علاقے میں پانی کی نئی پائپ لائنیں بچھانے کی شکایت پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جلد ہی جے جے ایم کے تحت پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی ۔ پونچھ سے شاہد احمد کو بتایا گیا کہ ان کے علاقے میں پاور سیکٹر کے اِنفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ان کی شکایت کو جلد اَز جل درِی ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر سکیم ( آر ڈی ایس ایس ) کے تحت حل کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اور ایس ایس پی سرینگر کو جوا اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں کیلئے پارک کے غلط اِستعمال سے متعلق تابش شفیع کی شکایت کا فور ی اَزالہ کرنے کے لئے واضح ہدایات دی تھیں۔
پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ ( آر اینڈ بی ) نے لیفٹیننٹ گورنر کو مطلع کیا کہ کرالپورہ کپواڑہ میں پل ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گا ۔
پہلگام کی رہنے والی محترمہ صفیہ کی شکایت پر بلاک سیوریج لائن کی وجہ سے بدبو آئی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ اَتھارٹی کو ہدایت دی کہ مسئلہ کے مستقبل حل تک علاقے کی مستقل بنیادوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔
کمشنر سیکرٹری پبلک گریوینس‘ ریحانہ بتول نے ۱۵ ویں ایل جی کے مکاتب پروگرام کو موڈریٹ کیا اور چیئرکو ازالہ کی موجودہ پیش رفت اور موصول ہونے والی شکایات کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔