جموں//
جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے درہال میں۱۱؍اگست کو فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملے میں شدید طورپر زخمی ہوا اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا او راس طرح سے جاں بحق ہوئے اہلکاروں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ گیارہ اگست کو راجوری میں قائم فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملے میں زخمی اہلکار اتوار دیر رات ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
متوفی کی شناخت حوالدار ستہ پال سنگھ ساکن راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔
جموں میں قائم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے بتایا کہ پیر کے روز آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اْپندرا دیویدی نے جاں بحق اہلکار کی تعزیتی گلباری میں شرکت کی۔اْن کے مطابق شمال مشرقی کمان کے سربراہ نے ترنگے سے لپٹے فوجی اہلکار کی جسد خاکی پر پھول برسائے اور اْنہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اتوار دیر رات فوجی اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
بتادیں کہ۱۱؍اگست اعلیٰ الصبح درہال راجوری میں قائم فوجی کیمپ پر دو فدائین نے حملہ کیا جس دوران چار گھنٹے تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دونوں ملی ٹینٹ مارے گئے۔
گیارہ اگست کو فدائین حملے میں جاں بحق ہوئے فوجی اہلکاروں کی شناخت صوبیدار راجندر پرساد ساکن راجستھان، رائفل مین منوج کمارساکن ہریانہ ، رائفل مین ڈلکمشن ساکن تامل ناڈو اور رائفل مین نشانت ملک ساکن ہریانہ ہسار کے بطور کی گئی ۔