سرینگر///
جنوبی ضلع اسلام آباد کے سنگم علاقے میں مشتبہ جنگجوں نے سی آر پی ایف پر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں دو عام شہری زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے سنگم بجبہاڑہ میں ۱۳۶ویںبٹالین سی آر پی ایف بینکر پر گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں سڑک پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو عام شہری زخمی ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اْن کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
سرکاری ذرائع نے زخمیوں کی شناخت عامر احمد لون ولد محمد عبداللہ اور شکیل احمد لون ساکنان نٹی پورہ سنگم کے بطور کی۔دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے آس پا س علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی۔
بتادیں کہ اتوار کی شام کو نشاط میں بھی ایک گرینیڈ حملہ ہوا جس دوران کئی عام شہری زخمی ہوئے تھے۔
اس دوران جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے گوپال پورہ چاڈورہ میں ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث تیسرے ہابرڈ جنگجو کی بھی گرفتاری عمل میں لائی ۔
بتادیں کہ اس سے قبل پولیس نے دو ہابرڈ جنگجووں کو حراست میں لیا تھا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گوپال پورہ چاڈورہ میں پندرہ اگست کی شام کو ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث اور ایک ہابرڈ جنگجو کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل پولیس نے دو ہابرڈ ملی ٹینٹوں کی گرفتاری عمل میں لائی تھی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار جنگجو کی شناخت سہیل احمد ملک ولد عبدالحمید ملک ساکن پانزن چاڈورہ کے بطور ہوئی اور اُس کے قبضے سے ایک گرینیڈ بھی برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پندرہ اگست کی شا م کو گوپال پورہ چاڈورہ میں گرینیڈ داغا گیا جس وجہ سے اقلیتی فرقے سے وابستہ ایک مقامی شہری زخمی ہوا جس کو بعد میں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔