نئی دہلی// کانگریس نے کہا کہ پارٹی ملک کو درپیش سماجی، سیاسی اور اقتصادی چیلنجوں کے بارے میں سماج کے مختلف طبقوں میں بیداری پیدا کرنے اور انہیں ان چیلنجوں سے روبرو کرانے کے لیے 7 ستمبر سے بھارت جوڑو یاترا شروع کرے گی۔
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے ملک کی تقریباً دو درجن ریاستوں سے مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں کی کانفرنس کے بعد پیر کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس کانفرنس میں مندوبین کو ‘بھارت جوڑو’ یاترا کے حوالے سے تفصیلی معلومات دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی شرکت کی اور انہوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بھارت جوڑو یاترا کے حوالے سے سماجی تنظیموں کے نمائندوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیئے ۔ قبل ازیں پارٹی کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے مندوبین کو یاترا کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
ترجمان نے کہا کہ کانگریس منگل کو ‘بھارت جوڑو’ یاترا کا لوگو اور ویب سائٹ جاری کرے گی۔ ادے پور میں منعقدہ کانفرنس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق یہ یاترا کنیا کماری سے کشمیر تک تقریباً 3500 کلومیٹر کی ہوگی، جس میں سماج کے مختلف طبقات کے لوگ شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ایک سیاسی جماعت کی طرف سے ضرور منعقد کی جا رہی ہے لیکن یہ ایک غیر سیاسی سفر ہو گا جس میں معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ حصہ لیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جب بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو ترواننت پورم سے شروع ہوگی تو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بھی وہاں موجود رہیں گے ۔ یہ یاترا مختلف ریاستوں سے ہوتے ہوئے ملک میں سماجی، سیاسی اور اقتصادی مسائل سے متعلق چیلنجوں پر بات چیت کرتے ہوئے جموں و کشمیر پہنچے گی۔