جموں/۲۰اگست
جموںکشمیر کے ضلع راجوری میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے بیچ ہفتے کے روز فوج ، پولیس اور سیول آفیسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران ملی ٹینٹوں کے منصوبو ں کو ناکام بنانے کی خاطر نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی۔
معلوم ہواہے کہ اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے ہفتے کے روز راجوری میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں فوج ، پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ضلع راجوری میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے معاونین کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ کو بتایا گیا کہ درہال میں فدائین حملے کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید کہاکہ رجواری میں تعینات پولیس کے سینئر آفیسران نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں جنگجووں اور فورسز کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہوئے جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی ضلع راجوری میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جنگجووں کے امکانی حملوں کو ٹالنے کی خاطر نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ راجوری میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی اور مشکوک نظر آنے والے ہر شہری کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔