سرینگر/16اگست
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ٹارگٹ کلنگ کے نئے سلسلے پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شوپیان میں سنیل کمار کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے اور اُس کے بھائی پنٹو کمار کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
عمرعبداللہ نے سنیل کمار کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ پسماندگان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے گوپال پورہ چاڈورہ میں گذشتہ شام ہوئے گرینیڈ حملے کی بھی مذمت کی جس میں 20 سالہ مقامی نوجوان انیل سنگھ زخمی ہوا ہے ۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ ایک طرف حکومت کشمیر میں امن و امان کے قیام کے بلند بانگ دعوے کرتی پھر رہی ہے لیکن دوسری جانب ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔
گذشتہ ہفتے کے دوران دو غیر مقامی شہریوں کو ایسے ہی حملوں میں مارا گیا۔ لیڈران نے کہا کہ حکمران عوام کو احساسِ تحفظ فراہم کرنے میںمکمل طور پر ناکام ہوئی ہے ۔
دونوں لیڈران نے چندن واڑی پہلگام میں بس حادثے میں آئی ٹی بی پی کے 6 اہلکاروں کے لقمہ اجل بن جانے اور 38 کے زخمی ہونے پر صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے اہلکاروں کے پسماندگان کیساتھ تعزیت کی اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی۔