سرینگر//
سرینگر کے نوہٹہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پائین شہر کے نوہٹہ علاقے میں اتوار کی شام کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین اچانک تصادم شروع ہوا۔
ترجمان نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار ‘جس کی شناخت کانسٹیبل سرفراز احمد ساکن بٹوٹ رام بن کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکار کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں ایک جنگجو بھی زخمی ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار کو آرمی ہسپتال سونہ وارمنتقل کیا گیا جہاں پر اُس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے راجوری کدل کے اندرونی علاقوں جن میں غنی میموریل اسٹیڈیم اور اُس کے متصل علاقے شامل ہیں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سی آر پی ایف اور ایس او جی سری نگر نے آس پاس علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے بعد علاقے میں خاموشی چھائی تاہم فورسز نے متعدد علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا جبکہ فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین دوبارہ آمنا سامنا ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پولیس کاکہنا ہے کہ اس نے جنگجوؤں کے استعمال میں آنے والی ایک سکوٹر کے علاوہ ایک اے کے ۴۷ رائفل اور دو ہتھ گولے بر آمد کئے ۔
اس دوران جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے سجان علاقے میں اتوار کی شام کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ راجوری کے سجان علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشرکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔
ترجمان کے مطابق فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر فورسز کی اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔
ادھر جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے کیموہ علاقے میں مشتبہ جنگجووں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار از جان ہوا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ جنوبی ضلع کولگام کے کیموہ علاقے میں ہفتے کی شام مشتبہ جنگجووں نے گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید طورپر زخمی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار کو فوری علاج ومعالجے کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت طاہر خان ساکن مینڈھر پونچھ کے بطور ہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب ہی کیموہ کولگام اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی۔
بتادیں کہ ہفتے کی سہ پہر کو سری نگر کے عید گاہ علاقے میں قائم سی آر پی ایف بینکر پر بھی گرینیڈ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف جوان معمولی طور پر زخمی ہوا۔