سرینگر//
دارلحکومت سرینگر میں یوم آزادی کی تقریبات کو پُر امن اور احسن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے امسال پہلی بار’فیس ریکاگنیشن‘ سسٹم سیکورٹی بندوبست کا ایک حصہ ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سرینگر کے سیول لائنز علاقوں میں ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ یوم آزاد ی کے پیش نظر سرینگر میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اتوار کے روز شہر سرینگر کے سیول لائنز علاقوں میں سناٹا چھایا جارہا جس دوران سیکورٹی فورسز کی چپے چپے پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر پہلی بار ’فیس ریکاگنیشن‘ سسٹم نصب کیا گیا ہے جس کے ذریعے مشکوک نظر آنے والے افراد کی فوری شناخت معلوم ہو سکے گی۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ۱۵؍اگست کے پیش نظر سول لائنز علاقوں کی ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ۱۵؍اگست یوم آزادی کا دن ہے ۔ کوٹھی باغ، بڈشاہ چوک، مائسمہ، ایم اے روڑ، ریگل چوک، پولو ویو اور ریزیڈنسی روڑ یہ سب حساس ترین علاقے ہیں۔ ہم نے ان علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے آج صبح زائد از ایک درجن ڈرون کیمرے فضا میں گردش کرائے ‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا’’فضائی نگرانی کا یہ سلسلہ ۱۵؍اگست تک جاری رہے گا۔ ان ڈرونز کی مدد سے ہم کسی بھی تخریبی منصوبے کو ٹال سکتے ہیں‘‘۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ڈرونز کو سری نگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم جہاں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی اور دیگر گرد و پیش کے علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
بتا دیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کریں گے ۔