سرینگر//
جموںکشمیر کی راجدھانی سرینگر کے عید گاہ علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے سی آر پی ایف بینکر پر گرینیڈ داغا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کو چوٹ آئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو مشتبہ جنگجوؤں نے عالی مسجد عید گاہ کے نزدیک ۱۶۱ویںبٹالین سی آر پی ایف پر گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں سڑک پر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ گرینیڈ کے اس دھماکہ میں پرویز رانا نامی ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اْس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کی خاطر سری نگر میں سیکورٹی ایجنسیوں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران شہر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
بتادیں کہ سرینگرضلع میں یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ہائی الرٹ کے بیچ پائین شہر کے عید گاہ علاقے میں گرینیڈ حملے کے بعد سری نگر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔