سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راجوری میں سیکورٹی فورسز پر ہونے والے فدائین حملے کی سخت الفاظ مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگجوؤں اور ان کے حامیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
سنہا نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’راجوری میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں اور عظیم قربانیاں پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج اور پسماندگان کی خدمت میں تسلیت پیش کرتا ہوں‘‘۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا’’ہم دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مکروہ منصوبوں کے ساتھ بھر پور طریقے سے نمٹیں گے ‘‘۔
اس دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبدللہ نے راجوری کے پرگرال درہال فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملے میں تین فوجی جوانوں کے جان بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔
عمرعبداللہ نے اس حملے میں زخمی ہونے والے فوجی افسروں اور جواںوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’راجوری میں ڈیوٹی کے دوران ملی ٹنٹ حملے میں تین فوجی جوانوں کی ہلاکت کی خبر سن کر صدمہ ہوا‘‘۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا’’اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے میں پسماندگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور اس حملے میں زخمی ہونے والے فوجی افسروں اور جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے پرگرال درہال فوجی کیمپ پر جمعرات اعلیٰ الصبح جنگجوؤں نے فدائین حملہ کیا جس کے نتیجے میں۳فوجی جوان اور دو ملی ٹینٹ از جان ہوئے جبکہ ایک میجر سمیت مزید دو اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے ۔