نئی دہلی// یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے منگل کو یہاں تنظیم کا 62 واں یوم تاسیس منایا اور آزادی گورو یاترا کا اہتمام کیا۔
پورے ملک سے یوتھ کانگریس کے کارکنوں اور عہدیداروں نے پانچ رائے سینا روڈ سے تنظیم کے ہیڈکوارٹر جنتر منتر تک ‘آزادی کی گورو یاترا’ نکالی جس میں پورے ملک سے یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ یوتھ کانگریس کی بنیاد سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے رکھی تھی۔ یوتھ کانگریس کے صدر نے کہا کہ وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ جس خدمت اور لگن کے ساتھ یہ تنظیم قائم ہوئی، وہ اس تنظیم کو آگے لے جانے کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس ہر ریاست میں اپنا یوم تاسیس منا رہی ہے ۔ اس موقع پر راجیہ سبھا رکن جے بی ماتھر، یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری اور دہلی انچارج کوکو پادھی، قومی جنرل سکریٹری سنتوش کولکنڈہ، دہلی کے شریک انچارج خوشبو شرما، دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر رنوجے سنگھ لوچاؤ سمیت کئی سرکردہ لوگ موجود تھے ۔
اس موقع پر یوتھ کانگریس کے انچارج کرشنا الوارو نے پرچم کشائی کی اور تنظیم کے کارکنوں اور عہدیداروں کو تنظیم کو مضبوط کرتے ہوئے عوامی مفاد میں کام کرنے کا حلف دلایا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے نوجوانوں کو ملک کے استحصال زدہ، کمزور طبقات اور خواتین، غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کی آواز بن کر ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا ہے ۔