سرینگر//(ویب ڈیسک)
سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے عالم اسلام کے لیے ایک اچھی خبر یہ آئی ہے کہ حکومت نے باور کرایا ہے کہ مسلمان سال میں بار بار عمرہ کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔ عمرہ کی تعداد کی کوئی قید نہیں ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمان عمرہ زائرین کسی بھی فضائی، زمینی یا سمندری راستے سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے لیے مملکت میں آسکتے ہیں۔ ’’ان کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں‘‘۔
وزارت حج سے ایک سوال پوچھا گیا تھا کہ آیا عمرہ مملکت میں داخلے کے ویزے کی قیمت کی ادائیگی کے ساتھ دہرایا جا سکتا ہے؟ تو اس کے جواب میں ایک ٹویٹ میں وزارت حج نے واضح کیا کہ سال میں عمرہ کی ادائی کی سعادت بار بار حاص لک کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب وزارت حج نے واضح کیا کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین مملکت سعودی عرب کے کسی بھی بین الاقوامی یا علاقائی ہوائی اڈے سے داخل اور روانہ ہوسکتے ہیں اور اس کیلئے جدہ ایئرپورٹ سے داخلے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ عمرہ کرنے کیلئے (عمرہ) کی درخواست سے پرمٹ جاری کرنا ضروری ہے، بشرطیکہ وہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص سے رابطے میں نہ ہو۔
دریں اثناجدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر۳؍اگست کو عمرہ زائرین کا پہلا قافلہ پہنچ گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے عمرہ زائرئین کا مثالی استقبال کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایئرپورٹ پرمحکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جن کے تحت عمرہ زائرین کو کافی سہولت ہوئی اورامیگریشن کارروائی ریکارڈ وقت میں مکمل کی۔
محکمے نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ عمرہ زائرین کو مملکت آمد پر جملہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ آلات اور تربیت یافتہ تجربہ کار اہلکارامیگریشن کی کارروائی تیزی سے نمٹانے کے لیے متعین کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے رواں ہفتے کے آغاز میں بھی مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پرعمرہ زائرین پہنچے تھے۔
خیال رہے امسال حکومت کی جانب سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی رجسٹریشن کا آغاز ذوالحجہ کی ۱۵ تاریخ سے کیا تھا جبکہ بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد یکم محروم سے شروع کی گئی تھی۔