نئی دہلی// کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کرنا ملک کی پارلیمنٹ اور جمہوریت کی توہین ہے ۔
کانگریس کے لیڈروں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور ضروری اشیاء پر عائد حالیہ جی ایس ٹی کے خلاف پارٹی جمعہ کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرے گی اور پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کر کے انہیں حالات سے باخبر کریں گے اور تمام ریاستوں کی راجدھانیوں میں کانگریس کے لیڈر مظاہرہ کریں گے ۔
مسٹر کھڑگے سے پوچھ گچھ کے بارے میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن دگ وجے سنگھ نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں کہا کہ مسٹر کھڑگے کو ای ڈی کی طرف سے نیشنل ہیرالڈ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے بلانا جمہوریت کی توہین ہے اور ملک کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا جب پارلیمنٹ چل رہی ہو، اپوزیشن لیڈر کو ای ڈی یا تفتیشی ایجنسی نے پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہوجمہوریت کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اگر ای ڈی کو بلانا ہی تھا تو اپوزیشن لیڈر کو 11 بجے سے پہلے یعنی پارلیمنٹ شروع ہونے سے پہلے یا پارلیمنٹ کی کارروائی ختم ہونے کے بعد 5 بجے بلایا جا سکتا ہے ۔ یہ جمہوریت کا مذاق ہے ۔
مسٹر دگ وجے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کیوں خوفزدہ ہیں؟ پورا ملک جانتا ہے کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اور کانگریس اپنی نہیں ملک کے عوام کے لیے لڑ رہی ہے اور جمعہ کو کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ صدر جمہوریہ سے ملاقات کریں گے اور انہیں صورتحال کے بارے میں بتائیں گے ۔
کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی پرمود تیواری نے کہا کہ لوک سبھا، راجیہ سبھا یا اسمبلیاں قائم روایات سے چلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو اپنے نقطہ نظر کے اظہار کے لیے پارلیمنٹ میں نوٹس لگا ہے اس پر بحث نہ ہو اس کے باوجود انہیں ای ڈی نے پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے اور یہ روایات، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی توہین ہے ۔
مسٹر رنجیت رنجن نے کہا کہ روایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومت نے نہ صرف اپوزیشن لیڈر بلکہ پارلیمنٹ اور ملک کی بھی توہین کی ہے ۔اسپیکر ایوان میں اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوتے ہیں لیکن جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں آئی ہے ، ان کی حیثیت کوکم کیا جارہا ہے اور حکومتی وزراء نے ان کی باتوں کو اہمیت دی ہے ، یہ شرمناک ہے اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔دریں اثنا، کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے کہا کہ مسٹر کھڑگے سے 12.30 سے مسلسل پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔