نئی دہلی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو ایشیا کپ 2022 کے لئے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی نیدر لینڈ کے خلاف 16 سے 21 اگست تک ہونے والے آئی سی سی مرد کرکٹ عالمی کپ سپر لیگ مقابلوں کے لئے بھی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ ٹیم کی کمان بابر اعظم ہی سنبھالیں گے۔ حسن علی کو ٹیم سے باہر کیا گیا ہے اور ان کی جگہ نسیم شاہ کو موقع ملا ہے۔
سال 2021 میں ونڈے کے لئے انگلینڈ کا دورہ کرنے والے سلمان علی آغاز کو واپس ٹیم میں بلایا گیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کو ونڈے اور ٹی20 ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ حالانکہ وہ چوٹ کے سبب حال ہی میں سری لنکا میں دوسرے ٹسٹ میں نہیں کھیل پائے تھے۔ ان کی چوٹ کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے، لیکن چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی دونوں ٹیموں میں بنے رہیں گے اور ٹیم کے ٹرینر اور فیزیو کی نگرانی میں ‘ریہیب‘ کرتے رہیں گے۔ پاکستانی سلیکٹروں نے بلے باز شان مسعود کی سری لنکا میں ٹسٹ میچ میں کھیلی گئی اننگ کو بھی نظر انداز کردیا گیا ہے۔
محمد وسیم نے کہا، ’ہم نے ضروری تبدیلیاں کی ہیں۔ ہمارے لئے دونوں ٹورنا منٹ ضروری ہیں، اس لئے ہم نے کپتان اور چیف کوچ سے مشورہ کرنے کے بعد اپنے سب سے بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے‘۔ کھلاڑیوں کے لئے ٹریننگ کیمپ چھ سے 11 اگست تک منعقد کیا جائے گا، جس میں وہ دو 50 اوور کے میچ بھی کھیلیں گے۔