(ایجنسیاں )
جموں؍۲۸ نومبر
جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک زرعی کھیت سے ڈرون برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جمعہ کی شام ہیرانگر سیکٹر کے گاؤں جنگی چک میں ایک کھیت میں ڈرون دیکھا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
ڈرون کو فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس کی اصل، ساخت، ماڈل اور تکنیکی تفصیلات کا پتہ لگانے کے علاوہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا اسے سرحد پار کسی سرگرمی کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہیں کہ ڈرون مذکورہ علاقے میں کن حالات میں پہنچا۔ جائے وقوعہ سے ڈرون کے ساتھ کوئی قابل اعتراض مواد یا مشتبہ اشیاء برآمد نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں سیکیورٹی ایجنسیاں پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے سرپرستوں اور ان کے کارندوں کی جانب سے ڈرون کے ذریعے بین الاقوامی سرحد پار کرکے جموں و کشمیر میں منشیات، اسلحہ اور گولہ بارود پہنچانے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتی رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔










