جموں و کشمیر نیشنل لاء یونیورسٹی
قائم، صدر دفتر بڈگام
اور کیمپس جموں میں ہوگا
(ایجنسیاں )
سرینگر؍۲۸ نومبر
جموں و کشمیر حکومت نے باضابطہ طور پر جموں و کشمیر نیشنل لاء یونیورسٹی قائم کردی ہے، جس کا صدر دفتر ضلع بڈگام میں جبکہ کیمپس جموں میں ہوگا۔
محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کی جانب سے۲۸ نومبر کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی۳۰ نومبر۲۰۲۶سے وجود میں آئے گی۔
جموں و کشمیر نیشنل لاء یونیورسٹی ایکٹ۲۰۱۸ کی دفعہ۳(۱) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے حکومت نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اس یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی کا صدر دفتر ضلع بڈگام میں قائم ہوگا، جبکہ اس کا کیمپس جموں میں ہوگا۔
یہ نوٹیفکیشن حکومت جموں و کشمیر کے حکم پر محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کے کمشنر سیکریٹری اچل سیٹھی نے جاری کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کی نقول وزیر اعلیٰ کے دفتر، لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ، وزارت داخلہ، محکمہ اعلیٰ تعلیم، جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل اور دیگر متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی اور اطلاع کے لیے ارسال کی گئی ہیں۔
یہ نوٹیفکیشن حکومتی حکم نمبر۳۳۲کے تحت جاری کیا گیا ہے۔










