(ایجنسیاں )
سرینگر؍۲۸نومبر
کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ سری نگر شہر میں اس موسم کی مسلسل پانچویں سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
جمعہ کی رات کم سے کم درجہ حرارت میں بدھ کی رات کے منفی۲ ڈگری سینٹی گریڈکے مقابلے میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
وادی کے کئی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔
پہلگام کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات یہاں درجہ حرارت منفی۲ء۸ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
حکام کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبے قاضی گنڈ میں، جو وادی کا داخلی راستہ بھی ہے، کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۴ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ مشہور سیاحتی مقام اور اسکی ریزورٹ گلمرگ میں درجہ حرارت۰ء۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے اختتام تک وادی میں مجموعی طور پر خشک موسم رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے رات کے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان ظاہر کیا ہے۔










