کمسن بچی زخمی‘لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کا اظہارِ افسوس
(ویب ڈیسک)
سرینگر؍۲۸نومبر
ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں حلقہ گوہالن کے مقام پر ٹاٹا سومو کو پیش آئے سڑک حادثے میں ایک میاں بیوی سمیت چار افراد ہلاک جبکہ۱۱ سالہ بچی زخمی ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال اوڑی منتقل کیا گیا، جہاں چار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔
ہلاک شدگان کی شناخت۲۶ سالہ سید شفیق شاہ، ان کی۲۵ سالہ اہلیہ رشیدہ بانو،۱۷ سالہ بہن دلناز فاطمہ اور۲۷ سالہ شاہدہ فاطمہ دختر عابد حسین شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والی۱۱ سالہ مناز فاطمہ دختر سید مدد حسین شاہ کو مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اوڑی، بارہمولہ میں پیش آئے اس المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی چار قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے مہلوکین کے قریبی لواحقین کو دو دو لاکھ روپے جبکہ زخمی کمسن بچی کو ایک لاکھ روپے ایکس گریشیا امداد دینے کا اعلان کیا۔ یہ امداد وزیر اعلیٰ کے ریلیف فنڈ سے فراہم کی جائے گی۔










