تکیہ دمہال میں نمازِ جنازہ اور تدفین میں ہزاروں افراد کی شرکت‘وزیر اعلیٰ سمیت متعدد رہنماؤں کا رنج و غم کا اظہار
(ندائے مشرق )
اننت ناگ؍۲۷ نومبر
اننت ناگ کے موجودہ رکن اسمبلی اور کانگریس کے سینئر رہنما پیرزادہ محمد سید کو جمعہ کے روز ان کے آبائی علاقے تکیہ دمہال میں سپردِ خاک کیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ میں جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
۷۳ سالہ پیرزادہ محمد سید طویل علالت کے بعد جمعرات کی دیر رات جموں میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے تھے۔ ان کی میت جمعہ کی صبح اننت ناگ کے دمہال پہنچائی گئی۔
پیرزادہ محمد سید کانگریس کے سینئر رہنما تھے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے علاوہ ریاستی کانگریس کی قیادت بھی کی۔ وہ۲۰۲۴ کے اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ حلقے سے منتخب ہوئے تھے۔
ان کے انتقال پر مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ رہنماؤں نے دمہال پہنچ کر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ان کے انتقال کے بعد اننت ناگ اسمبلی حلقے کی نشست خالی ہوگئی ہے۔ اس سے قبل وہ کوکرناگ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے رہے اور۱۹۸۷‘۲۰۰۲؍اور ۲۰۰۸ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ اپنے طویل سیاسی سفر کے دوران انہوں نے مختلف حکومتوں میں وزارت کے عہدوں پر بھی کام کیا۔
مرحوم نے۱۹۸۰ میں کشمیر یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا۔ جموں و کشمیر کی سیاسی اور عوامی زندگی میں ان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط رہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی پیرزادہ محمد سید کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ عمر عبداللہ نے مرحوم کی طویل عوامی خدمات اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان، دوستوں اور حامیوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ پیرزادہ محمد سعید کے انتقال سے کانگریس پارٹی کو بڑا نقصان پہنچا ہے، جس کی بھرپائی کرنا بہت مشکل ہے۔
وہ جمعہ کو اننت ناگ میں پیرزادہ محمد سعید کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔
قرہ نے کہا’’پیرزادہ سعید صاحب جموں و کشمیر کے سیاسی افق پر ایک بہت اونچا اور اہم نام تھے۔ انہوں نے مختلف اوقات میں کانگریس کی طرف سے جو مختلف ذمہ داریاں نبھائیں، وہ قابل تحسین ہیں۔ وہ بہت شریف النفس انسان تھے اور جیسا کہ لوگوں سے سننے کو ملتا ہے، اپنے علاقے میں انہیں جب بھی موقع ملا، انہوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کانگریس پارٹی کے لیے یہ بہت بڑا نقصان ہے، جس کی بھرپائی کرنا بہت مشکل ہے۔‘‘
قرہ نے مرحوم کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس طرح کے سیاستدان بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں جو نچلی سطح پر لوگوں سے جڑے رہتے ہیں اور جسے بھی کوئی منصب دیا گیا، اسے بخوبی نبھایا۔ اس پر قرہ نے کہا’’میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ وہ سیاسی افق پر ایک نہایت اہم شخصیت تھے۔ انہیں جو اہمیت ملی، وہ صرف اس وجہ سے ملی کہ وہ زمینی سطح پر لوگوں سے جڑے ہوئے تھے۔ زمینی سطح سے اٹھ کر وہ جس مقام تک پہنچے، اس میں وہ کانگریس کے صدر بھی رہے اور وقتاً فوقتاً انہیں وزیر کا منصب بھی دیا گیا۔ کانگریس قیادت نے جب دیکھا کہ یہ نچلی سطح کے آدمی ہیں اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں، تب ہی وہ اس سیاسی افق پر ایک نہایت اہم شخصیت کے طور پر سامنے آئے۔‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے جانے سے کانگریس کے لیے کوئی نیا چیلنج پیدا ہو گیا ہے، قرہ نے کہا ’’ان کے جانے سے جو نقصان ہوا ہے، جس شخص کا نچلی سطح پر اتنا رابطہ ہو، ہمیں سب سے پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم اس نقصان کی بھرپائی کیسے کریں۔ یہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔‘‘
دریں اثنا جے کے پی سی سی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ سابق صدر پیرزادہ محمد سعید کے انتقال پر پارٹی کے سوگ میں کانگریس بھون پر کانگریس کا پرچم نیم سرنگوں کر دیا گیا ہے۔
رکن پارلیمان اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما میاں الطاف احمد نے بھی پیرزادہ محمد سید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم کو ایک تجربہ کار سیاست دان، عوامی خدمت گار اور زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ وابستہ رہنے والا رہنما قرار دیا۔
میاں الطاف احمد نے کہا کہ پیرزادہ محمد سید نے اپنی طویل سیاسی زندگی کے دوران جمہوری اقدار اور پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا۔ کوکرناگ اور جنوبی کشمیر کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
الطاف نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی دعا کی۔










