(ایجنسیاں )
سوپور؍۲۷ نومبر
شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بوہری پورہ پٹرول پمپ کے نزدیک موٹر سائیکل اور سینٹرو کار کے درمیان ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی جبکہ کار میں سوار ایک خاتون کو معمولی چوٹیں آئیں۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، زخمی موٹر سائیکل سوار کی شناخت اشفاق احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکن نوپورہ سوپور کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں اس کے سر پر چوٹ آئی جبکہ بایاں ہاتھ جسم سے الگ ہوگیا۔
زخمی کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہتر علاج کے لیے سرینگر ریفر کردیا گیا۔
ادھر سینٹرو کار میں سوار شاہینہ بیگم زوجہ ارشد حسین ملا ساکن سیلو سوپور بھی زخمی ہوگئیں۔ انہیں چہرے پر معمولی چوٹیں آئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پوسٹ بس اسٹینڈ سوپور کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے۔










