حد بندی اور خواتین کیلئے ریزرویشن کے معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس۳۰ نومبر سے دوبارہ بلانے کی تیاری
حکومت کو آئینی ترمیمی بل منظور کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار، اپوزیشن کی چار شرائط پر حمایت کی پیشکش
(ایجنسیاں)
نئی دہلی؍۲۶نومبر
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی جانب سے رواں سال کے اوائل میں ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد مطلوبہ حمایت حاصل کرنے کی کوششوں کے درمیان لوک سبھا کا اجلاس پیر،۳۰ نومبر کو دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے، جبکہ راجیہ سبھا کا اجلاس۲ دسمبر کو منعقد ہوگا۔
پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعرات کو کہا کہ حکومت نے دونوں ایوانوں کے متعلقہ سربراہان سے اجلاس دوبارہ بلانے کی درخواست کی ہے۔ امکان ہے کہ یہ اجلاس۳دسمبر تک جاری رہے گا تاکہ ’’ضروری سرکاری امور‘‘ انجام دیے جاسکیں۔ دراصل یہ مانسون اجلاس ہی کا تسلسل ہوگا، جسے اگست سے اب تک باضابطہ طور پر ملتوی نہیں کیا گیا تھا۔
رجیجو نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ اجلاس کے دوران کن امور کو زیر بحث لایا جائے گا۔
حکومت جس ناکامی کا ازالہ کرنا چاہتی ہے، وہ اپریل میں حد بندی سے متعلق بل اور اس سے منسلک قانون سازی کو منظور کرانے کی ناکام کوشش تھی۔ اس وقت حکومت کو آئینی ترمیم کے لیے درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہوسکی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کا منصوبہ انتخابی حلقوں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور ان کی ازسرنو حد بندی کرنے کا تھا۔ یہ عمل خواتین کے لیے۳۳ فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کی پیشگی شرط قرار دیا گیا ہے، جس کی منظوری۲۰۲۳ میں قانون سازی کے ذریعے دی گئی تھی۔
کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ خواتین کے لیے ریزرویشن کو حد بندی سے الگ کرکے موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہی نافذ کیا جاسکتا ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اس عمل کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
موجودہ شیڈول کے مطابق، جسے مانسون اجلاس کا دوسرا مرحلہ قرار دیا جارہا ہے، لوک سبھا کے چار جبکہ راجیہ سبھا کے دو اجلاس ہوں گے۔ اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ مانسون اجلاس کو دوبارہ طلب کرکے تین روز تک حد بندی کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
۳۰ نومبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس دوبارہ شروع ہونے تک دونوں اجلاسوں کے درمیان۱۰۸ دن کا وقفہ ہوچکا ہوگا، جو۲۰۰۸ میں قائم۸۷ دن کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔
قواعد کے مطابق، اگر پارلیمنٹ کا کوئی اجلاس باضابطہ طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی نہ کیا گیا ہو تو اسے ایک ہفتے سے بھی کم نوٹس پر دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے، جبکہ اجلاس باضابطہ طور پر ملتوی کیے جانے کی صورت میں نئے اجلاس کے لیے دو ہفتے کا نوٹس ضروری ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومت نے اس وقفے کے دوران آئینی ترمیمی بلوں کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوششیں کی ہیں۔
حد بندی بل کے مسودے کے مطابق، لوک سبھا کی موجودہ۵۴۳ نشستوں کو بڑھا کر۸۵۰ کرنے کی تجویز ہے، جن میں تقریباً۲۸۳ نشستیں خواتین کے لیے مختص ہوں گی۔ خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کو باری باری مختلف انتخابی حلقوں میں نافذ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
بل میں ریاستوں کے درمیان پارلیمانی نشستوں کی تقسیم کو۲۰۱۱ کی مردم شماری یا حکومت کی جانب سے منتخب کردہ کسی دوسری مردم شماری کی بنیاد پر ازسرنو مرتب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس طرح مردم شماری۲۰۲۷ کی تکمیل کا انتظار کیے بغیر حد بندی کا عمل آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
تاہم حکومت نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ ہر ریاست میں پارلیمانی نشستوں کی تعداد میں یکساں طور پر۵۰ فیصد اضافہ کیا جائے گا تاکہ ریاستوں کے درمیان موجودہ توازن برقرار رہے۔ اپریل میں پیش کیے گئے بل میں یہ بات شامل نہیں تھی بلکہ حکومت نے صرف زبانی طور پر یہ یقین دہانی کرائی تھی۔
چونکہ یہ بل آئینی ترامیم کے زمرے میں آتے ہیں، اس لیے حکومت کے پارلیمانی منتظمین کے مطابق لوک سبھا میں ان کی منظوری کے لیے تقریباً۳۶۰ ؍ارکان کی حمایت درکار ہوگی، تاہم یہ تعداد اجلاس کے دن ایوان میں ارکان کی موجودگی کے لحاظ سے تبدیل ہوسکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے اپنے۳۱۹؍ ارکان کی حمایت کو یقینی قرار دیا ہے، جن میں۲۴۱؍ارکان صرف بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں۔
حکومت کی نئی حکمت عملی میں ترنمول کانگریس کے۲۰؍ ارکان پر مشتمل ایک الگ گروپ بھی شامل ہے، جس نے ایک غیر معروف جماعت این سی پی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔اگر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے آٹھ ارکان کی حمایت بھی حاصل ہوجائے تو این ڈی اے کی مجموعی تعداد۳۲۷ تک پہنچ سکتی ہے۔
این سی پی (ایس پی) کی رہنما سپریا سولے نے کہا ہے کہ اگر ہر ریاست میں پارلیمانی نشستوں میں یکساں طور پر۵۰ فیصد اضافہ کیا جائے اور کسی بھی خطے کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو تو ان کی جماعت کو بل کی حمایت کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ تاہم سپریا سولے نے این ڈی اے میں شامل این سی پی کے دھڑے کے ساتھ انضمام کے امکان کو مسترد کیا ہے۔
ڈی ایم کے کے۲۲؍ ارکان کی حمایت حاصل ہونے کی صورت میں یہ تعداد۳۵۰ تک پہنچ جائے گی، جو مطلوبہ اکثریت سے تقریباً۱۰ کم ہے۔
ڈی ایم کے نے کانگریس کی جانب سے اداکار وجے کی جماعت ٹی وی کے ساتھ اتحاد کرنے کے بعد انڈیا اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ ٹی وی کے نے مئی میں تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
ڈی ایم کے نے ابھی تک اس بارے میں اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے کہ آیا وہ اپریل میں لوک سبھا میں وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے زبانی طور پر دی گئی ہر ریاست میں۵۰ فیصد نشستوں کے اضافے کی یقین دہانی کی حمایت کرے گی یا نہیں۔
حکومت کو باقی حمایت ان تقریباً تین درجن ارکان پارلیمنٹ سے حاصل کرنا ہوگی جو کسی بھی بڑے سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں ہیں۔
کانگریس کی قیادت والے انڈیا اتحاد، ڈی ایم کے اور عام آدمی پارٹی نے مجوزہ بلوں کی حمایت کے لیے حکومت کے سامنے چار شرائط رکھی ہیں‘ جن میں لوک سبھا کی موجودہ۵۴۳ نشستوں کی تعداد برقرار رکھنا‘ہر ریاست میں پارلیمانی نشستوں کی موجودہ تعداد میں کوئی تبدیلی نہ کرنا‘۲۰۲۳ میں منظور کیے گئے ناری شکتی وندن ادھینیم کے تحت خواتین کے لیے موجودہ۵۴۳ نشستوں میں سے۱۸۲ نشستیں مختص کرکے ریزرویشن نافذ کرنا اورآئینی ترمیم کے ذریعے اس انتظام کو۲۵ سال تک برقرار رکھنا شامل ہے ۔
ذرائع کے مطابق، اگر حکومت اپوزیشن کے ان مطالبات کو تسلیم کرلیتی ہے تو اپوزیشن جماعتیں متعلقہ بلوں کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔ تاہم حکومت کے لیے ایسا کرنا اپنے اس منصوبے سے مکمل دستبرداری کے مترادف ہوگا جس کے تحت انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی کی جانی ہے۔
کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حد بندی ضروری ہوسکتی ہے، لیکن اسے آئین کے مطابق انجام دیا جانا چاہیے۔
حکومت نے کانگریس پر خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت خواتین کے ریزرویشن کے معاملے کو انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کررہی ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو متعدد مرتبہ خط لکھ کر تمام جماعتوں کی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔اس معاملے میں وقت بھی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں متعلقہ بل منظور نہیں ہوپاتے تو۲۰۲۹کے لوک سبھا انتخابات نئی انتخابی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر منعقد کرنے کے لیے کافی وقت دستیاب نہ ہونے کا امکان ہے۔










