(ایجنسیاں )
جموں؍۲۶ نومبر
ریاسی پولیس نے ایک ایسے خودسپردہ دہشت گردکو گرفتار کرلیا ہے جو متعدد دہشت گردی سے متعلق مقدمات، جن میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کا معاملہ بھی شامل ہے، کے سلسلے میں دو دہائیوں سے زائد عرصے سے قانون کی گرفت سے بچ رہا تھا۔
گرفتار ملزم کی شناخت محمد منشا ولد فضل دین ساکن تھورو لسولی، تحصیل تھورو، ضلع ریاسی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پولیس اسٹیشن ماہو ر میں درج ایک ایف آئی آر کے تحت مطلوب تھا۔ اس مقدمے میں تعزیراتِ رنبیر (آر پی سی) کی متعلقہ دفعات کے علاوہ آرمز ایکٹ کی بعض دفعات شامل ہیں۔
اس مقدمے میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک خصوصی پولیس افسر (ایس پی او) نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضابطہ فوجداری کی دفعہ۵۱۲ کے تحت متعلقہ عدالت میں چالان پیش کیا گیا اور بعد ازاں ملزم کو مفرور قرار دیا گیا۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج ریاسی کی عدالت نے۶ دسمبر۲۰۰۱کو اس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔
پولیس کے مطابق، منشا۲۰۰۰ سے۲۰۰۷ کے دوران سرگرم دہشت گردرہا اور اس نے۲۰۰۷ میں سکیورٹی فورسز کے سامنے خودسپردگی کی تھی۔ تاہم، اس کے باوجود وہ قانونی کارروائی سے بچتا رہا اور مفرور رہا۔
ملزم۲۰۰۰سے۲۰۰۷کے درمیان درج کیے گئے ۱۳مجرمانہ مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں قتل، اقدامِ قتل، مجرمانہ سازش، حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے اور آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق، مسلسل کوششوں اور قابلِ اعتماد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن ماہو ر اور ڈسٹرکٹ ابسکانڈر ٹریکنگ یونٹ کے اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جسے ضلع اونتی پورہ کے علاقے ترال روانہ کیا گیا۔
مختلف اضلاع کی پولیس کے درمیان بہتر تال میل اور اونتی پورہ پولیس کے تعاون سے خصوصی ٹیم نے ملزم کا سراغ لگایا اور اسے کامیابی کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
ریاسی پولیس نے کہا کہ یہ گرفتاری سنگین جرائم میں ملوث مفرور افراد کو تلاش کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں میں ایک اہم کامیابی ہے، خواہ اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگ جائے یا ملزم کسی بھی جغرافیائی علاقے میں موجود ہو۔
ضلع پولیس نے قانون کی بالادستی برقرار رکھنے اور جوابدہی یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔










