کیا ہم ……. ہم لوگ بے وقوف ہیں یا ہمیں بے وقوف بنایا جا سکتا ہے؟ یا کیا وہ سمجھتے ہیں کہ ہم بے وقوف ہیں اور ہمیں آسانی سے بے وقوف بنایا جا سکتا ہے؟ یقینا ًہم بے وقوف نہیں ہیں‘ لیکن ……. انہیں یقین ہے کہ ہم بے وقوف ہیں اور ہم بات کر رہے ہیں کشمیر کے سیاستدانوں کی ……. سبھی سیاستدانوں کی اور اس میں کوئی استثنیٰ نہیں ہے‘ بالکل بھی نہیں ہے۔ سب کے سب ہول سیل میں ہمیں بے وقوف سمجھ رہے ہیں‘ کیوں سمجھ رہے ہیں‘ ہم نہیں جانتے ہیں‘ لیکن ……. اللہ میاں کی قسم وہ ہمیں بے وقوف سمجھتے ہیں۔کچھ دنوں سے اپنے کشمیر میں جو ہو رہا ہے‘ شیش ناگ کے حوالے سے ہو رہا ہے ……. ہوکیا رہا ہے‘ سیاسی جماعتیں جو کر رہی ہیں‘ تو صاحب وہ اسی ایک بات کی چغلی کھا رہا ہے کہ سیاستدان سچ میں ہمیں بے وقوف سمجھ رہے ہیں۔ اسی لیے کوئی چاہتا ہے کہ ہم اس کی اس بات پر یقین کریں کہ شیش ناگ اور اس کے گرد و نواح میں کچھ بھی نہیں ہو رہا ہے اور وہ بالکل محفوظ ہے ……. اور کوئی اس کے برعکس یہ چاہتا ہے کہ ہم اس کی یہ بات سچ مان لیں کہ شیش ناگ میں کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے، وہاں جو ہو رہا ہے ……. سب تباہی اور بربادی ہو رہی ہے اور کچھ نہیں ہو رہا ہے۔کچھ ایک ایسے بھی ہیں جو چاہتے ہیں ……. چاہتے نہیں‘ بلکہ ان کا حکم ہے ……. ہم کشمیریوں کے لیے حکم ہے کہ وہاں جو کچھ بھی ہو رہا ہے ……. کچھ ہو رہا ہو یا نہیں بھی ہو رہا ہو‘ کشمیریوں کو اس پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ……. بالکل بھی نہیں ہے کہ ……. کہ اسے یہ ’ہندوؤں‘ اور امرناتھ یاترا کا معاملہ قرار دے رہے ہیں۔ یہ کہہ کر وہ سمجھتے ہیں کہ کشمیری اس کی بات کو مان لیں گے اور زبان پر تالے چڑھائیں گے، کیوں کہ انہیں بھی لگتا ہے ……. کیوں کہ وہ بھی سمجھتے ہیں کہ ہم ……. ہم کشمیری بے وقوف ہیں …….رہا سوال کہ ہمیں سبھی سیاسی جماعتیں بے وقوف کیوں سمجھ رہی ہیں ……. وہ اس لیے سمجھ رہی ہیں کہ یہ ہماری تاریخ رہی ہے کہ ہم آنکھیں بند کرکے ہر ایک کے لیے ’زندہ باد‘ کا نعرہ لگا تے رہے ہیں ……. ان کے لیے بھی جو ہمیں ……. ہم سب کو مردہ ……. ایک مردہ قوم سمجھتے ہیں اور صحیح سمجھتے ہیں کہ ہم سب کا ضمیر سچ میں مردہ ہو گیا ہے ……. قسم درخشاں اندرابی صاحبہ کے سرکاری مولویوں اور علماء کی۔ ہے نا؟



