نئی دہلی/ یکم اگست
جولائی 2022 میں سامان اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی 28 فیصد بڑھ کر 1.49 لاکھ کروڑ روپے ہوگئی۔
یہ اطلاع آج وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری ریلیز میں دی گئی۔ ریلیز میں کہا گیا”جولائی 2022 میں مجموعی جی ایس ٹی ریونیو 1,48,995 کروڑ روپے رہا، جس میں مرکزی جی ایس ٹی 25,751 کروڑ روپے ، ریاستی جی ایس ٹی 32807 کروڑ روپے ، انٹیگریٹڈ GST ریونیو 79,518 کروڑ روپے ہے “۔
آئی جی ایس ٹی میں سامان کی درآمد پر جمع ٹیکس کا حصہ 41,420 کروڑ روپے ہے اور سیس 10,920 کروڑ روپے ہے ۔ اس سیس میں درآمدی اشیا پر 995 کروڑ روپے کا ٹیکس شامل ہے ۔
اس سال جولائی میں اشیا کی درآمد سے حاصل ہونے والی آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 48 فیصد زیادہ تھی، جب کہ گھریلو لین دین (خدمات کی درآمد سمیت) پر جی ایس ٹی کی آمدنی 22 فیصد زیادہ تھی۔
وزارت خزانہ نے کہا”مسلسل پانچ مہینوں سے ماہانہ جی ایس ٹی کی آمدنی 1.4 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہی ہے ، جو ہر مہینے میں مسلسل اضافہ کو ظاہر کرتی ہے “۔
رواں مالی سال میں جولائی 2022 تک، جی ایس ٹی کی آمدنی میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
وزارت نے کہا کہ محصولات کی وصولی میں اضافہ بہتر تعامل، معیشت کی حالت میں بہتری اور جی ایس ٹی کونسل کے مختلف اقدامات کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حالت میں بہتری کے ساتھ ساتھ بہتر رپورٹنگ سے محصولات کی وصولی پر سازگار اثر پڑا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ جون 2022 میں 7.45 کروڑ ای وے بل بنائے گئے جو مئی 2022 میں 7.36 کروڑ سے معمولی زیادہ تھے ۔