سرینگر/ یکم اگست
وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہتے ہوئے شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے ۔
ادھر بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے جہاں وادی بالخصوص سری نگر کے نشیبی علاقوں کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب ہیں وہیں دریائے جہلم میں پانی کی سطح بھی قدرے بڑھ گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ساتھ رک رک کر بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔وادی میں جاری بارشوں سے شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر، جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت17.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 31.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران13.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت15.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 12.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت16.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا وادی میں پیر کو بھی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔
بارشوں سے وادی بالخصوص سری نگر کے نشیبی علاقوں کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب ہیں جس سے لوگوں کا عبور و مرر مشکل ہی نہیں بلکہ کئی جگہوں پر پُر خطر بھی بن گیا ہے ۔