(ایجنسیاں )
کشتواڑ؍۱۳ نومبر
دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی ہلاکت کے بعد کشتواڑ پولیس نے تین مطلوب دہشت گردوں کے پوسٹر جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں مددگار معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے مجموعی طور پر۳۰ لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مطلوب دہشت گردوںکی شناخت محمد امین عرف جہانگیر، ریاض احمد عرف حضری اور مدثر حسین کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تینوں جنگجوؤں کے ٹھکانوں اور نقل و حرکت سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات سکیورٹی اداروں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ انہیں گرفتار کرنے میں مدد مل سکے۔
یہ پیش رفت کشتواڑ ضلع میں دو ایس پی اوز کی ہلاکت کے بعد سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جانے کے دوران سامنے آئی ہے۔
دریں اثنا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ میں دورانِ ڈیوٹی جانیں قربان کرنے والے جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انہیں بہادر پولیس اہلکاروں ببلی چند اور رشپال کمار کی المناک ہلاکت پر گہرا دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے اس بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
سنہا نے کہا کہ ان اہلکاروں کی بہادری، غیر متزلزل لگن اور ملک کیلئے بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ایل جی نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت اور انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔










