سری نگر؍۱۱ نومبر
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق مشہور سیاحتی مقام گلمرگ سمیت وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں دوران شب ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس سے جہاں وہاں موجود غیر مقامی سیاحوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا وہیں کسانوں نے بھی راحت کی سانس لی۔
اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ اور کنگ ڈوری علاقوں میں رات دیر گئے ہلکی برف باری شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو سفید چادر نے اپنی آگوش میں لے لیا۔
بدھ کی صبح گلمرگ میں موجود مقامی و غیر مقامی سیاح برف باری سے محظوظ ہونے کے لیے افروٹ اور کنگ ڈوری میں جمع ہوئے اور قدرت کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔ بعض سیاح ایک دوسرے پر برف پھینکتے نظر آئے جبکہ بعض برف سے ڈھکے درختوں اور زمین کی ویڈیو اور تصویریں بناتے دکھائی دیئے تاکہ ان حسین یادوں کو محفوظ کیا جا سکے۔
وادی کے دیگر پہاڑی علاقوں کے ساتھ ساتھ پیر کی گلی، رزدان ٹاپ، تلیل ویلی اور زوجیلا پاس پر بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب تازہ برف باری ہوئی۔
دریں اثنا سری نگر میں گزشتہ۲۴گھنٹوں کے دوران۰ء۴ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب۶ء۶؍اور۰ء۲ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
ادھر پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے باعث جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے اضلاع راجوری اور پونچھ سے جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل احتیاطی طور پر بند کر دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ تازہ برف باری اور بارش سے پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے احکامات تک اس روڈ پر سفر سے گریز کریں اور تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں سے رابطے میں رہیں۔ تاہم وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ اور لداخ سے جوڑنے والی سری نگر۔لیہہ شاہراہ پر ٹریفک حسب معمول جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے دو دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر برف باری اور بارش کا امکان ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ۱۱ نومبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے، تاہم کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہو سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ۱۲؍اور۱۳ نومبر کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں درمیانی سے بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ۱۲ نومبر کی سہ پہر سے شروع ہو کر۱۳ نومبر کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں۱۴ سے۲۰نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ۱۲؍اور۱۳ نومبر کے دوران کٹائی شدہ فصلوں کی محفوظ ذخیرہ اندوزی کو یقینی بنائیں۔ ترجمان کے مطابق بھاری برف باری سے پہاڑی علاقوں کی سڑکوں اور بعض اہم دروں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔
مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں بدھ کو دن کے وقت مجموعی طور پر دھوپ کھلی رہی، جبکہ بارش کے باعث صبح کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تازہ بارش کی وجہ سے فضا میں دھند نہیں تھی اور صاف روشنی میں برف سے ڈھکے پہاڑ مزید حسین نظر آئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
(ایجنسیاں )










