سرینگر؍۱۱نومبر
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے دربگام، راجپورہ علاقے میں بدھ کے روز ایک اسکول بس الٹنے کے نتیجے میں۱۱ طلبہ اور دو اساتذہ سمیت۱۳؍افراد زخمی ہوگئے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد تمام زخمیوں کو ابتدائی طور پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر راجپورہ منتقل کیا گیا، جہاں سے بعض زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ضلع اسپتال پلوامہ ریفر کیا گیا۔
دریں اثنا، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کے کے سدھا نے بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو طلبہ کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا، جبکہ ایک طالب علم کو سکمز صورہ اور ایک دوسرے زخمی کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔
ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں بھی بدھ کی صبح سیدپورہ بائی پاس پر ایک اسکول بس سڑک سے پھسل گئی، جس کے باعث مقامی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔
حکام کے مطابق بس میں سوار تمام طلبہ محفوظ رہے اور حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہونے کے بعد سڑک سے پھسل گئی۔ حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔(ایجنسیاں )










