شوپیاں؍۱۱ نومبر
شوپیاں پولیس نے سیب چوری کے ایک معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے سات ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ چوری شدہ سیبوں کے۸۳ ڈبے برآمد کرنے کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی تین گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق، پولیس اسٹیشن ہیروپورہ کو شام کے اوقات میں اطلاع موصول ہوئی کہ امشی پورہ کے رہائشی محمد یوسف وگے ولد عبدالکریم وگے کے باغ اور شیڈ سے سیبوں کے ڈبے چوری کیے گئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن ہیروپورہ کی ایک ٹیم فوری طور پر حرکت میں آئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے جائے واردات سے کچھ فاصلے پر تین ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو روک لیا۔ ملزمان سیبوں کے ڈبے چوری کرنے کے بعد انہیں گاڑیوں میں لوڈ کرکے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے چوری شدہ مال سمیت ساتوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت گلزار احمد ملہ ولد غلام رسول ملہ ساکن گٹی پورہ کیلر، ریاض احمد لون ولد محمد اشرف لون ساکن گٹی پورہ کیلر، مزمل احمد وانی ولد علی محمد وانی ساکن تھرینہ کیلر، عاشق حسین لون ولد بشیر احمد لون ساکن زرکان کیلر، عمر حسین وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن تھرینہ کیلر، تہذیل احمد لون ولد بشیر احمد لون ساکن زرکان کیلر اور عمر حسین وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن تھرینہ کیلر کے طور پر کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ہیروپورہ میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
شوپیاں پولیس نے شہریوں کی املاک کے تحفظ اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف فوری کارروائی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










