۱۱سے۱۳نومبر تک جموں کشمیر اور لداخ میں بارشیں متوقع:لوٹس
(ہندوستھان سماچار)
سری نگر؍۴ نومبر
وادی کشمیر میں جاری خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے موسم میں تبدیلی کی پیش گوئی کی ہے، جس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں بھی موسم کی پہلی برف باری کا امکان ہے۔
ماہر موسمیات سونم لوٹس کے مطابق مغربی ہواؤں کے جموں و کشمیر کی طرف بڑھنے کے پیش نظر۱۱ سے۱۳ نومبر تک وادی کشمیر، لداخ اور جموں کے بالائی علاقوں میں وسیع پیمانے پر برف باری اور بارش کا امکان ہے۔ اس دوران وادی کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔
لوٹس نے کہا کہ یہ پیش گوئی ابھی حتمی نہیں ہے اور آنے والے دنوں میں صورتحال واضح ہونے پر ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا:’’یہ سب قدرت کا کھیل ہے۔ ہواؤں کا رخ کسی بھی وقت بدل سکتا ہے اور یہ کبھی بھی کمزور پڑ سکتی ہیں، لہٰذا ابھی حتمی طور پر کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔‘‘
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۱۰ نومبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے، تاہم۵ ؍اور۱۰ نومبر کو کمزور مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے ہلکی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔ سونم لوٹس کے مطابق آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ متوقع ہے۔
انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایڈوائزری جاری ہونے تک زرعی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں۔
ادھر وادی میں صبح اور شام کے وقت اچھی خاصی سردی ہے، تاہم دن میں دھوپ چھائی رہتی ہے اور لوگ پارکوں، صحنوں اور دکانوں کے تھڑوں پر اس کا لطف اٹھاتے دیکھے جا رہے ہیں۔ تاہم بدھ کو آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہا اور ہلکی ہوائیں چلتی رہیں۔
خشک اور خوشگوار دنوں کا کسان بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں اور دن بھر کھیت کھلیانوں اور باغوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ سردی میں بتدریج اضافے کے ساتھ ہی کانگڑیوں کی مانگ بڑھ رہی ہے اور لوگ انہیں خرید رہے ہیں، جبکہ بہت سے لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ بھی پہننا شروع کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔










