جموں//
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ ہر گھر ترنگا پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے ہر شہری کو اپنے قومی پرچم پر فخر ہونا چاہئے۔
ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر سنگھ نے سانبہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ ہر گھر ترنگا پر کسی بھی سیاسی پارٹی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہ بحث کا مدعا ہی نہیں۔اْن کے مطابق ترنگا ہم سب کا ہے اس میں ذات پات یا مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں کیونکہ جو بھی بھارت کا شہری ہے اْس کو ترنگے پر فخر ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کوئی کہہ سکتا ہے کہ ترنگا اْس کا نہیں ؟۔
ڈاکٹر سنگھ نے مزید بتایاکہ ہر گھر ترنگا کے حوالے سے ملک بھر میں جو مہم چلائی جارہی ہے یہ ایک بہتر سوچ ہے۔
بتادیں کہ ہر گھر ترنگا مہم پر نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے زبردستی نہیں کی جانی چاہئے۔
ادھر جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کے ڈھونی شرمال علاقے میں بی جے پی کی جانب سے ہر گھر ترنگا مہم کے بارے میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سکریٹری ضلع شوپیاں محمد یوسف بٹ نے پارٹی کارکنان کے علاوہ عام لوگوں سے ملاقات کی اور گھر ترنگا مہم کے بارے میں جانکاری دی۔
اس دوران پارٹی کارکنان نے یقین دلایا کہ تمام گھروں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
دریں اثنا آزادی کا امرت مہوتسو پروگرام کے تحت مرکزی حکومت نے ۱۳؍ اگست سے ۱۵؍اگست تک ہر گھر ترنگا مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے تحت ایک ہفتے تک ملک بھر میں ۷۲ کروڑ ترنگا لہرائے جائیں گے جس کیلئے حکومت نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔