سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے وانی گام بالا علاقے میں تصادم آرائی کے دوران ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا جبکہ فورسز کے تین اہلکار زخمی بھی ہو گئے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس انکاؤنٹر کے دوران دو فوجی جوان اورایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن کہ حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اپ ڈیٹ فراہم کرتے ہوئے کہا’بارہمولہ انکاؤنٹر:ایک جنگجو مارا گیا جبکہ تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ‘۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس نے ایک مشترکہ ٹیم نے ہفتے کی علی الصبح بارہمولہ کے وانی گام بالا علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے این ڈی ٹی وی کو بتایا’’فوج کے دو سونگھنے والے کتوں جن پر کیمرہ لگے تھے ‘ دہشت گردوں کے مقام کی نشاندہی کرنے کیلئے مکان کے اندر بھیجے گئے جب دہشت گردوں نے ایکسل پر فائرنگ کی‘‘۔
جھڑپ آج صبح وانیگام گاؤں میں اس وقت شروع ہوئی جب پولیس اور فوج نے علاقے میں کم از کم تین جنگجوؤںکی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن شروع کیا جس میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل تھا۔
جنگجوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے فوج کے دو کتے بجاج اور ایکسل کو باڈی کیمز پہنے ہوئے ٹارگٹ ہاؤس کے اندر بھیجا گیا۔ جب سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تو چھپے ہوئے جنگجوؤںکی طرف سے ایلکس کو تین گولیاں لگیں۔
ایکسل موقع پر ہی مرگیا جبکہ دو جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔