سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی ضلع کپواڑہ میں دو ہابرڈ جنگجوؤں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعے کے روز سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ لشکر طیبہ سے وا بستہ دو جنگجو اعانت کار میدان پورہ لولاب علاقے میں گھس آئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ چنانچہ اطلاع ملتے ہی جموں وکشمیر پولیس اور ۲۸آر آر نے علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
اُن کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران ایک لوڈ کیرئیر کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس دوران لوڈ کیرئیر میں موجود دو افراد نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان نے بتایا کہ ایک نوجوان جس کی شناخت شمیم احمد خان ولد غلام محی الدین خان ساکن خان محلہ کاواری لدر ون کے بطور ہوئی ہے کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کے پاس موجود ایک بیگ سے دس ہینڈ گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق جائے موقع سے راہ فرار اختیار کرنے والے دوسرے نوجوان کی بھی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی اور اُس کو بڈی بہری لولاب میں ایک دکان سے گرفتارکیا گیا۔
مذکورہ نوجوان کی شناخت طالب احمد شیخ ولد علی محمد شیخ ساکن لدر ون کاواری کپواڑہ کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کے قبضے سے چار پستول ، آٹھ پستول میگزین اور ۱۴۰گولیوں کے راونڈ برآمد کئے گئے ۔
پولیس نے معاملے کے متعلق کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔