سرینگر//
کشمیر میں وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات چند کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں منتقلی کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
کشمیری پنڈتوں نے بتایا کہ ہم آج بہت خوش ہیں کیونکہ سرکار نے دیریانہ مانگ کو پورا کیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر سرکار نے کشمیر میں تعینات چند کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں ٹرانسفر کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
کشمیری پنڈتوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سرکار نے دیر آید درست آید کے مصداق کشمیری پنڈتوں کی مانگ کو پورا کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرچہ پہلے مرحلہ پر صرف پانچ جونیئر انجینئرس کو ترقی دے کر اُنہیں جموں ٹرانسفر کیا گیا لیکن اس آرڈر سے ایک راستہ کھل گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ آج ہم بہت خوش ہیں کیونکہ آخر کار سرکار نے منتقلی پر عمل کرنا شروع کیا ۔
اُن کے مطابق پچھلے لگ بھگ ڈھائی ماہ سے وہ احتجاج پر ہیں لیکن سرکار کی جانب سے پانچ جونیئر انجینئرس کی جموں منتقلی کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ کشمیر میں جتنے بھی کشمیری پنڈت ملازمین تعینات ہیں اُن کیلئے بھی جلد ہی منتقلی کے آرڈر آئیں گے ۔
بتادیں کہ جنگجووں کے ہاتھوں راہول بھٹ اور رجنی بالا کی ہلاکت کے بعد صوبے کشمیر میں تعینات کشمیر پنڈت ملازمین جموں منتقلی کے مطالبے کو لے کر احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
کشمیری پنڈتوں نے اس حوالے سے دہلی جنتر منتر پر بھی دھرنا دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اُنہیں فوری طورپر جموں یا ملک کی کسی بھی ریاست میں ٹرانسفر کیا جائے ۔