چنئی// نوجوان کھلاڑی رونق سدھوانی نے جمعہ کو 44ویں شطرنج اولمپیاڈ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں عبدالرحمن ایم پر زبردست جیت درج کرکے انڈیا ‘بی’ مہم کی مضبوط شروعات کی۔
شطرنج کے تاریخی ٹورنامنٹ، جس کا آغاز چنئی کے مملا پورم میں ہوا، مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے گجرات کے بورڈ پر پہلا قدم رکھ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر پانچ بار کے عالمی چیمپئن وشواناتھن آنند، ایف آئی ڈی ای کے صدر آرکاڈی ڈورکوچ، آل انڈین شطرنج فیڈریشن کے صدر سنجے کپور اور شطرنج اولمپیاڈ کے ڈائریکٹر بھرت سنگھ چوہان موجود تھے۔
شطرنج اولمپیاڈ میں پہلی بار حصہ لینے والے ناگپور کے 16 سالہ رونق نے سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے سسلین ڈیفنس میں 41 چالوں میں کامیابی حاصل کی۔
کھلی جگہ پر برتری کا مزہ لیتے ہوئے رونق نے چھوٹے چھوٹے مہروں کے تبادلے کے بعد بادشاہ کی طرف محاذ کھولا اور وزیر اور ہاتھی کے درمیان مہارت کے امتزاج کا مظاہرہ کرتے ہوئے کالے بادشاہ کو چیک میٹ کے جال میں پھنسایا۔
میچ جیتنے کے بعد رونق نے کہاکہ ”میں جیت کے ساتھ شروعات کرتے ہوئے خوش ہوں۔ یہ میرا پہلا اولمپیاڈ ہے۔ مجھے اچھا کھیل کھیلنا پسند ہے۔ ہم اچھی شطرنج کھیلنا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں امریکہ کے پاس سب سے مضبوط لائن اپ ہے لیکن اگر ہم اچھی شطرنج کھیلیں تو ہم انہیں بھی شکست دے سکتے ہیں۔ ہمیں تمام ٹیموں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے کیونکہ کوئی بھی کھلاڑی اچھا کھیل سکتا ہے۔ یہ اولمپیاڈ ہے۔”
اس 11 راؤنڈ سوئس لیگ ٹورنامنٹ میں 188 میں سے کل 184 ٹیموں نے جمعہ کو اپنی مہم کا آغاز کیا جہاں ہندوستان کی تین ٹیمیں اوپن سیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
ادھیبان بی، نہال سرین اور گوکیش ڈی انڈیا بی کے لیے اگلا راؤنڈ کھیلیں گے جبکہ آر پرگیانندھا کو پہلے راؤنڈ کے لیے آرام دیا گیا ہے۔
ہر ٹیم میں پانچ کھلاڑی ہوتے ہیں، شطرنج کے بورڈ پر چار کھلاڑی راؤنڈ کے لئے اتریں گے اور ایک کھلاڑی کو آرام دیا جائے گا۔
شطرنج کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے، جب ہندوستان باوقار شطرنج اولمپیاڈ کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ تاریخی ٹورنامنٹ 10 اگست تک کھیلا جائے گا۔