سرینگر؍یکم اکتوبر
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلن پربھات نے جمعرات کو کہا کہ رواں سال اپریل میں شروع کی گئی ’نشہ مکت ابھیان‘ کے تحت جموں و کشمیر میں منشیات کے کاروبار میں ملوث۴ ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
یہ بات انہوں نے یہاں ’رن فار یونٹی‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پربھات نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے۱۱؍ اپریل کو جموں سے مہم کے آغاز کے بعد پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۳۲۵۷ مقدمات درج کیے ہیں۔
پربھات نے کہا، ’’تقریباً۴ ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور۱۷۰؍افراد کو سزا سنائی جاچکی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ۲۵۰۰ سے زائد مقدمات پہلے ہی نمٹائے جاچکے ہیں۔
جائیدادوں کی ضبطی کے معاملے میں جموں و کشمیر اس وقت ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں۲۸۸ جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضبط کی گئی جائیدادوں کی مجموعی مالیت۱۳۸ کروڑ روپے کے قریب ہے، جبکہ۸۰ لاکھ روپے نقد بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ غیر قانونی منشیات اور نفسیاتی اثر رکھنے والے مادوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے قانون (آئی ٹی-این ڈی پی ایس) کے تحت۱۴۴ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، جو ملک کی کسی بھی ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
پربھات نے کہا، ’’پولیس انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے ہمارے مخالف پڑوسی کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ستمبر کا مہینہ ہمارے لیے بے حد فخر کا باعث رہا، جس کے دوران متعدد کارروائیوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے علاوہ ہم نے جرائم کی روک تھام، مجرموں کا سراغ لگانے اور امن و قانون برقرار رکھنے کے شعبوں میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔‘‘
’نشہ مکت یوا فار وِکسِت بھارت سنکلپ ابھیان‘ کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کا خاتمہ کرنا ہے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ کھیلوں اور دیگر تعمیری سرگرمیوں میں بچوں اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شرکت جموں و کشمیر کو امن اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھنے میں مدد دے رہی ہے اور پڑوسی ملک کے ’’مذموم عزائم‘‘ کو ناکام بنا رہی ہے۔
پربھات نے کہا، ’’ہر سال اس میراتھن میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ ہمارے بچے اور نوجوان ایک پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘
پولیس سربراہ نے کہا کہ نوجوان کھیلوں اور دیگر تعمیری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، جس سے ان کی توانائی کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے میں مدد مل رہی ہے۔
ڈی جی پی نے کہا، ’’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہماری نوجوان نسل کی توانائی کو کس طرح مثبت سمت میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے خطے میں خلل ڈالنے کی کوششوں کے باوجود جموں و کشمیر امن اور ترقی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔
۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










