سرینگر//
پائین شہر کے خانیار علاقے میں جمعرات کی صبح ایک گاڑی ڈرین میں جاگری ۔
مقامی لوگوں کے مطابق ٹھیکیدار کی لاپرواہی کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ موسلا دھار بارشوں کے بیچ جمعرات کی صبح دستگیر صاحب خانیار کے نزدیک ایک نجی گاڑی ڈرین میں جاگری ۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو صحیح سلامت باہر نکالا گیا۔
مقامی لوگوں نے نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ عید سے قبل ڈرین کو تعمیر کرنے کی خاطر شاہرا ہ کو جے سی بی کے ذریعے کھودا گیا لیکن آج تک اس کی مرمت ہی نہیں کی گئی۔
لوگوں نے مزید کہاکہ جو مٹی نکالی گئی وہ ٹرکوں کے ذریعے نامعلوم جگہ منتقل کی گئی جس وجہ سے شاہراہ کے بیچو بیچ ایک گہرا کھڑا پیدا ہو گیا ہے اور آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں۔
اُن کے مطابق گزشتہ روز بھی دو گاڑیوں اور دو موٹر سائیکلوں کو حادثات پیش آئے جس وجہ سے چند افراد زخمی بھی ہوئے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار کی لاپرواہی کی وجہ سے ہی یہ سب کچھ ہو رہا ہے اور اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔