سرینگر؍ یکم اکتوبر
ایس کے آئی ایم ایس میڈیکل کالج بمنہ کے پانچ ایم بی بی ایس طلبہ/انٹرنز کو مبینہ طور پر رَیگنگ کے ایک واقعے میں ملوث پائے جانے کے بعد ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ادارے کی جانب سے یکم اکتوبر کو جاری کیے گئے ایک سرکاری حکم نامے کے تحت کی گئی ہے۔
ایس کے آئی ایم ایس میڈیکل کالج بمنہ کے پرنسپل کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق طلبہ کو رَیگنگ کے ایک واقعے میں ملوث پایا گیا، جسے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے انسدادِ رَیگنگ ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں جن طلبہ کے نام شامل ہیں، ان میں شبھم ورما ‘ سنیل ورما ‘ شاہ دیو ‘ روپل سنتال ‘ اور لویش شرما شامل ہیں۔
انسدادِ رَیگنگ کمیٹی کی سفارش پر پانچوں طلبہ کو ایک ہفتے کے لیے کلاسوں اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں سے معطل کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنز کو انٹرن شپ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے بھی ایک ہفتے کے لیے روک دیا گیا ہے۔
ادارے نے ہر طالب علم/انٹرن پر۱۰ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ یہ رقم مقررہ سی ڈی۱۰؍اکاؤنٹ میں جمع کرانی ہوگی اور ادائیگی کی رسید حکم نامہ جاری ہونے کے پانچ دن کے اندر اکیڈمک سیکشن میں جمع کرانا ہوگی۔
تمام پانچ طلبہ/انٹرنز کے والدین یا سرپرستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ۹؍ اکتوبر۲۰۲۶ کو انسدادِ رَیگنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں، جہاں مزید تادیبی کارروائی کے حوالے سے سماعت ہوگی۔
حکم نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ یو جی سی انسدادِ رَیگنگ ضوابط اور ادارے کے قواعد کے تحت مزید تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
چیف اکاؤنٹس آفیسر سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ معطلی کی مدت کے دوران متعلقہ انٹرنز کا وظیفہ روک لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔(ندائے مشرق خبر)










