سری نگر؍۲۱ ستمبر
سی پی آئی (ایم) کے رہنما اور کولگام سے رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ سوالیہ وقفہ قانون ساز اسمبلی کی کارروائی کا سب سے اہم حصہ ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ارکان حکومت سے سوالات پوچھ سکتے ہیں، جوابات طلب کرسکتے ہیں اور اسے جوابدہ بنا سکتے ہیں۔
تاریگامی نے کہا کہ سوالیہ وقفہ روکنے سے ارکان اسمبلی کو عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حکومت کو جوابدہ بنانے کے ایک اہم موقع سے عملاً محروم کردیا جاتا ہے۔
بی جے پی ارکان کی جانب سے نعرے بازی کے دوران مداخلت کرتے ہوئے تاریگامی نے تمام ارکان اسمبلی سے، ان کی سیاسی وابستگی سے قطع نظر، اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر حکومتِ ہند پر جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت بحال کرنے کے بار بار کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔
کمیونسٹ لیڈر نے کہا، ’’خود قانون ساز ادارے کو اختیارات سے محروم کردیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں شہری مایوسی محسوس کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام ارکان اسمبلی، اپنی سیاسی وابستگی سے قطع نظر، متحد ہوکر عوام کے اس جائز اور طویل عرصے سے زیر التوا مطالبے کی حمایت میں اپنی آواز بلند کریں۔‘‘
۔۔۔۔










