مطالبہ بر حق ہے‘جموں صوبے کے ناظم تعلیمات کو اس ضمن میں ضروری اقدامات کرنے کو کہوں گی :وزیر تعلیم
(عامر اقبال خان)
بھدرواہ؍۱۸نومبر
بھدرواہ سمیت پوری چناب ویلی میں شدید سردی کے غلبے، درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ اور صبح کے وقت چھائے گہرے کہرے کے درمیان پریشان حال والدین اور سماجی و سیاسی رہنماؤں نے جموں ڈویژن کے سرمائی زون میں اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کے لیے انتظامیہ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
کڑاکے کی سردی اور صبح کے وقت چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے خاص طور پر پری پرائمری، پرائمری اور مڈل کلاسز کے بچوں کے حوالے سے گہری تشویش پیدا کر دی ہے۔ بہت سے والدین نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا عارضی طور پر معطل کر دیا ہے تاکہ انہیں بخار، کھانسی اور زکام جیسے موسمی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے جو صبح کے وقت جما دینے والی ٹھنڈ کی زد میں آنے سے لاحق ہو سکتے ہیں۔
تشویش کا اظہار کرتے ہوے ظفر علی بٹ ساکنہ دارانہ نے کہا’’صبح کے وقت کڑاکے کی سردی میں جب کہرا اپنے عروج پر ہوتا ہے، بچوں کے لیے گھر سے باہر نکلنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے‘‘۔
اس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہڈیوں کو جما دینے والے موسم میں ننھے بچوں کو اندھیرے اور شدید سردی میں اسکول روانہ کرنا ان کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے فوری طور پر اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔
اسی طرح کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے خطے کے ممتاز سماجی و سیاسی رہنما مست ناتھ یوگی نے کہا ’’صبح کے وقت پڑنے والی شدید سردی میں بچوں کے لیے کمبل سے باہر نکل کر اسکول کا رخ کرنا انتہائی تکلیف دہ اور مشکل ہو چکا ہے‘‘۔
مست ناتھ یوگی نے فوری انتظامی مداخلت کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ موجودہ صبح۹ بجے سے سہ پہر ساڈھے تین بجے تک کے شیڈول کو تبدیل کر کے صبح ساڈھے دس بجے سے سہ پہر تین بجے تک کر دیا جائے تاکہ طلباء کو صبح کی شدید ترین سردی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
بھلیسہ کے شہری بال کرشن شرما نے انتظامی سستی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چناب ویلی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ جہاں وادی کشمیر کے متعلقہ تعلیمی حکام نے وزیر تعلیم کی ہدایت پر طلباء اور تدریسی عملے کی سہولت کے لیے اسکول کے اوقات تبدیل کر دیے ہیں، وہیں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نے جموں ڈویژن کے سرمائی زون میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ڈویژنوں کے لیے ایک ہی مشترکہ حکم نامہ نافذ کر رکھا ہے جس کے تحت تعلیمی ادارے فی الوقت گرمیوں کے اوقات پر چلانے پر مجبور ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طویل اندھیرے اور کہرے سے ڈھکی سڑکیں اسکول جانے والے معصوم بچوں کے لیے صبح کا سفر انتہائی خطرناک بنا رہی ہیں۔ انتظامیہ کی خاموشی پر بڑھتی ہوئی تشویش اور بے چینی کے باوجود تاحال اوقات کار میں تبدیلی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
بھدرواہ اور گردونواح کے مکین ضلع اور صوبائی انتظامیہ سے پرزور اپیل کر رہے ہیں کہ سردی کی شدت مزید بڑھنے سے پہلے فوری طور پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ اسکول جانے والے بچوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نسیم جاوید چودھری سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان کی طرف سے کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔
دریں اثنا، اس معاملے پر حکومت جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم شمیمہ فردوس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس مطالبے کو برحق قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس ضمن میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کو فوری طور پر ضروری احکامات صادر کرنے کی ہدایت دے رہی ہیں۔










