نئی دہلی، 17ستمبر (یو این آئی) حکومت نے اسٹیل صنعت کو مضبوط بنانے اور جہازوں کی ری سائیکلنگ سے حاصل اسٹیل کے استعمال کو بڑھانے کے لیے موجودہ قواعد کا جائزہ لیا ہے۔
بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال اور اسٹیل و بھاری صنعت کے وزیر ایچ ڈی کمارسوامی کی صدارت میں بدھ کو منعقدہ مشترکہ اجلاس میں جہازوں کی ری سائیکلنگ سے حاصل ثانوی اسٹیل کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، انڈین اسٹینڈرڈ بیورو، گجرات میری ٹائم بورڈ اور شپ ری سائیکلنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جہازوں سے حاصل ری سائیکل شدہ اسٹیل کے استعمال کو مزید شعبوں تک وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ جہازوں کی ری سائیکلنگ سے قدر میں اضافے کے ساتھ ہندوستان کی دنیا کے سرکردہ جہاز ری سائیکلنگ مراکز میں حیثیت کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
اس اہم اجلاس میں چکر دار معیشت کو فروغ دینے، ملکی اسٹیل کی تیاری کو تعاون دینے اور جہازوں کی ری سائیکلنگ کی صنعت میں پائیداری اور کارکردگی کے عالمی معیار برقرار رکھنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔




