ممبئی، 15 ستمبر (یو این آئی) ویسٹ انڈیز کے خلاف 27 ستمبر سے شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کے انتخاب میں روہت شرما اور ہاردک پانڈیا پر خاص توجہ رہے گی۔ اجیت اگرکر کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کی یہ موجودہ مدت کی آخری میٹنگ ہوگی۔
2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ایک سال سے کچھ زیادہ وقت باقی ہے اور روہت کا مستقبل اب بھی زیر بحث ہے۔ روہت واضح کرچکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، تاہم گزشتہ جولائی میں انگلینڈ دورے کے دوران ان کے ون ڈے مستقبل پر سوال اٹھے تھے۔ بعد میں بی سی سی آئی نے واضح کیا تھا کہ روہت ہندوستان کے ون ڈے منصوبوں کا حصہ رہیں گے۔ دوسری جانب ہاردک پانڈیا مسلسل انجریز کے باعث آئی پی ایل 2026 کے بعد سے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیل سکے ہیں۔ وہ اگلے ہفتے فٹنس ٹیسٹ دیں گے اور کلیئرنس ملنے کی توقع ہے۔
ہاردک کی غیر موجودگی میں آل راؤنڈر کے متبادل محدود ہیں۔ ایشین گیمز کی ٹیم میں نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل، شیوم دوبے اور واشنگٹن سندر کی شمولیت جبکہ ہرش دوبے اور شہباز احمد کے زخمی ہونے کے باعث سلیکٹرز رویندر جڈیجا یا کرونال پانڈیا پر غور کرسکتے ہیں۔ کے ایل راہل پہلی پسند وکٹ کیپر ہوسکتے ہیں، جبکہ بیک اپ کے لیے رشبھ پنت اور دھرو جوریل کے نام زیر غور ہیں۔
یارکشائر کے لیے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں 10 وکٹیں لینے والے کلدیپ یادو کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ تاہم اگر زخمی ورون چکرورتی کی جگہ انہیں ایشین گیمز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تو صورتحال بدل سکتی ہے۔ سلیکٹرز 2027 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کے 50 اوور کے فارمیٹ پر فوکس کو بھی ترجیح دینا چاہتے ہیں۔



