نئی دہلی، 07 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کو کلکتہ ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ ترنمول کانگریس کی اس عرضی پر جلد سماعت کرے جس میں کولکتہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پارٹی کے کولکتہ واقع دفتر سے ایک بل بورڈ ہٹائے جانے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ ترنمول کانگریس کی اس خصوصی اجازت کی عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جو ہائی کورٹ کی جانب سے اس معاملے میں عبوری راحت دینے سے انکار کے خلاف دائر کی گئی تھی۔ یہ عرضی کولکتہ میں کیمک اسٹریٹ پر ترنمول کانگریس کے دفتر کے اوپر لگے ایک بل بورڈ کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے ہٹائے جانے سے متعلق ہے۔
مغربی بنگال کی طرف سے پیش ہوئے سالیسیٹر جنرل تسار مہتا نے عرضی کی قبولیت پر سوال اٹھائے، جبکہ ترنمول کے سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی کہ بغیر کسی نوٹس کے بل بورڈ کو ہٹا دیا گیا تھا۔ بنچ نے کہا کہ بل بورڈ ہٹانے سے کیس بے اثر نہیں ہو جاتا اور اگر اسے ہٹانا غیر قانونی ثابت ہوتا ہے تو اسے دوبارہ لگایا جا سکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے عرضی کو نمٹاتے ہوئے دونوں فریقوں کو ہائی کورٹ کے سامنے اپنے دلائل رکھنے کی چھوٹ دی اور ہائی کورٹ سے تمام امور پر جلد از جلد فیصلہ کرنے کی درخواست کی۔




