نئی دہلی، 07 ستمبر (یو این آئی) ستیہ نکیتن میں ہوئے حادثے کے معاملے میں وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی ہدایت پر دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی زون کے ڈپٹی کمشنر سمیت پانچ حکام کو معطل کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ دفتر کی جانب سے پیر کو بتایا گیا کہ معاملے میں لاپروائی پر کارپوریشن کے پانچ حکام کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل کیے گئے حکام میں جنوبی زون کے ڈپٹی کمشنر، ایگزیکٹو انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر اور جونیئر انجینئر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد متعلقہ حکام کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔ کارپوریشن کے حکم میں کہا گیا ہے کہ جنوبی زون کے ڈپٹی کمشنر راکیش کمار کو دہلی میونسپل کارپوریشن سروسز (کنٹرول اینڈ اپیل) ریگولیشن، 1959 اور نافذ العمل دیگر قوانین کے تحت فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے۔
دیگر احکامات میں رنویر سنگھ (سپرنٹنڈنٹ انجینئر – جنوبی زون)، للِت کمار گوئل (ایگزیکٹو انجینئر – بلڈنگ)، سنیل چوہان (اسسٹنٹ انجینئر) اور آشیش کمار (جونیئر انجینئر) کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے آج حفاظتی تدابیر اور جاری بچاؤ مہم کا جائزہ لینے کے لیے نئی دہلی کے ستیہ نکیتن میں گرنے والی عمارت کی جگہ کا دوبارہ دورہ کیا۔
دہلی حکومت کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بھی جائےحادثہ کا آج دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم مہم میں مسلسل کام کر رہی ہے۔ مسٹر سرسا نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اس معاملے کے ذمہ دار تمام حکام کو فوری معطل کرنے اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایات کمشنر اور چیف سکریٹری کو دی ہیں۔





